وژن 2047 کے تحت اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے پائلٹ منصوبہ P-10 کا آغاز کیا جا رہا ہے، ٹاپ 10 جامعات کو منتخب کرکے تحقیق و ٹیکنالوجی پر فوکس کیا جائے گا، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد

65
وژن 2047 کے تحت اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے پائلٹ منصوبہ P-10 کا آغاز کیا جا رہا ہے، ٹاپ 10 جامعات کو منتخب کرکے تحقیق و ٹیکنالوجی پر فوکس کیا جائے گا، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ وژن 2047 کے تحت اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے پائلٹ منصوبہ P-10 کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کی ٹاپ 10 جامعات کو منتخب کرکے ان میں تحقیق و ٹیکنالوجی پر فوکس کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت 370 سرکاری و نجی جامعات میں 31 لاکھ طلباء زیرتعلیم ہیں جبکہ مجموعی طور پر 60 لاکھ طلبہ اعلیٰ تعلیمی نظام کا حصہ ہیں۔

ملک کی جامعات میں 100 سمارٹ کلاس رومز قائم ہو چکے ہیں جبکہ مزید 200 بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ڈی فیکلٹی کی تعداد کو سالانہ 3 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار کیا جائے گا اور موجودہ 24 ہزار پی ایچ ڈی کی تعداد کو 40 ہزار تک پہنچانے پر کام جاری ہے۔ڈاکٹر مختار نے کہا کہ تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کا صرف 1.9 فیصد ہے، او آئی سی ممالک نے اسے کم از کم 4 فیصد تک لانے کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی جیسے کلائوڈ کمپیوٹنگ، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ، آن لائن لرننگ اور ای آر پی سسٹمز کے ذریعے جامعات کے نظام کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کا ایچ ای ڈی پی پروگرام 400 ملین ڈالر مالیت کا ہے جس سے تحقیق، فیکلٹی کی تربیت اور گورننس میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ڈاکٹر مختار احمد نے واضح کیا کہ نئی جامعات کے بجائے موجودہ اداروں کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری اور ریسرچ کلچر کو فروغ دینے پر زور دینا ہوگا تاکہ پاکستان عالمی تعلیمی مقابلے میں موثر کردار ادا کر سکے۔