محرم الحرام اخوت بھائی چارے کے علاوہ رواداری کا بھی درس دیتا ہے ، سید موسی رضا بخاری

32

ملتان ۔ 04 جولائی (اے پی پی):مرکزی تنظیم لائسنس داران عزاداری امام حسین علیہ السلام کے صدر سید موسی رضا بخاری مخدوم اور قیصر عباس بخاری کی قیادت میں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس بر مکان سید کاظم علی شاہ سے برآمدہوا جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ سید امیر شاہ بخاری تھلہ سادات پر اختتام پذیر ہوا۔ ملتان شہر کی ماتمی سنگتوں نے ماتم داری اور نوحہ خوانی کی، جلوس سے قبل مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے علماء کرام و ذاکرین عظام نے خطاب کیا ۔اس موقع پر سید موسی رضا بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام اخوت بھائی چارے کے علاوہ رواداری کا بھی درس دیتا ہے ،ہم نے ہر صورت ملک میں امن کو قائم رکھنا ہے

میں بطور صدر مرکزی تنظیم لائسنسداران عزاداری امام حسین علیہ السلام اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ تمام جلوسوں کو اپنی منزل تک پر امن پہنچاؤں گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام انتظامیہ کو یقین دلاتے ہیں محرم الحرام سابقہ سالوں کی طرح پر امن رہے گا ، کسی قسم کے مسائل پیدا نہیں ہوں گے ۔تمام لائسنسدارداروں سے گزارش ہے کہ وہ امن کے قیام کے لیے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور امن کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اس موقع پراخلا ق حیدر صدیقی، بشا رت عبا س قریشی، عمران جا وید گیلا نی،ظفر عبا س بخا ری،صا بر خا ن بلوچ،مشتاق حسین،مجا ہد عبا س صد یقی،وسیم عبا س ودیگر شر یک تھے۔