تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں تیزی سے اضافہ، تربیلا ڈیم کے سپل وے کو کھول دیا گیا

29

ہری پور۔ 04 جولائی (اے پی پی):تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں تیزی سے اضافہ، تربیلا ڈیم کے سپل وے کو کھول دیا گیا ۔ تربیلا ڈیم کی ڈیلی رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال کے پیش نظر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے اور پانی کی آمد میں مزید کے باعث تربیلا ڈیم کے سپل وے کو کھول دیا گیا ہے ۔

تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1520 فٹ تک بلند ہو گئی ہے۔ ڈیم میں پانی آمد دو لاکھ 72 ہزار نو سو کیوسک جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ 51 ہزار پانچ سو کر دیا ہے۔ تربیلا ڈیم کے ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے کے بعد سول انتظامیہ کے ذریعے دریائے سندھ کے کنارے آباد آبادیوں کو بھی آگاہ کر دیا گیاہے کہ دریائے سندھ سے دور رہیں اور نہانے سے اجتناب کریں ، جبکہ ڈی سی ہری پور نے بھی دریائے سندھ میں نہانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے۔