وفاقی وزیر محمد اورنگزیب کھچی کا "عمرو عیار – ایک نیا آغاز”کی تخلیقی ٹیم کو خراجِ تحسین

56
وفاقی وزیر محمد اورنگزیب کھچی کا "عمرو عیار – ایک نیا آغاز"کی تخلیقی ٹیم کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی نے "عمرو عیار – ایک نیا آغاز”(A new bignining)” کے تخلیقی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم چین میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) فلم فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہے جو کہ پاکستانی سینما کے لئے باعثِ فخر لمحہ ہے۔

جمعہ کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ فلم صرف ایک تخلیق نہیں بلکہ ہمارے ورثے، تخیل اور جادوئی داستانوں کا جشن ہے جو پاکستان کی تہذیبی گہرائیوں اور فنکارانہ مہارت کی بہترین عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ "عمرو عیار” پاکستان کی روایتی کہانی گوئی اور جدید تخلیقی صلاحیتوں کی ایک شاندار مثال ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کر رہی ہے۔

محمد اورنگزیب کھچی نے کہا کہ ایس سی او فلم فیسٹیول جیسے باوقار عالمی پلیٹ فارم پر اس فلم کا انتخاب صرف فلم سازوں کے لئے نہیں بلکہ پاکستانی سینما اور فنون لطیفہ کی دنیا میں بڑھتی ہوئی موجودگی کی عکاسی بھی کرتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تخلیقی شعبوں کی سرپرستی اور پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ "عمرو عیار – اے نیو بگننگ” ہماری کلاسیکی لوک داستانوں سے ماخوذ ہے، جسے عصری تقاضوں کے مطابق تخیلاتی انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اس میں قومی شناخت اور فخر کے عناصر کو خوبصورتی سے سمویا گیا ہے۔