ملتان۔ 04 جولائی (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنسلٹنٹ برائے ہیلتھ، سیفٹی و انوائرمنٹ افشاں سعید نے کہا ہے کہ کمپنی کے قوانین اور حفاظتی سامان پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ ہر فرد اپنے رویے اور ذمہ داری کو سمجھ کر حفاظتی اقدامات کرے تاکہ حادثات کو روکا جا سکے۔ وہ میپکو رحیم یارخان سرکل کے دورے کے موقع پر ”رویہ پرمبنی سیفٹی“ کے موضوع پرمنعقدة تربیتی سیشن سے خطاب کررہی تھیں۔ افشاں سعید نے مزید کہا کہ ہر شخص کو خود ذمہ داری لینی ہوگی کہ وہ محفوظ طریقہ کار اختیار کرے۔
محض حفاظتی ہدایات لکھ دینا کافی نہیں اصل تبدیلی رویوں میں لانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کے دوران توجہ ہٹانے والے عوامل سے بچنا چاہیے۔ٹیم ورک اور ایک دوسرے کو حفاظتی عمل پر یاددہانی کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی کلچر بنانا صرف مینجمنٹ کی نہیں ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ حادثات کی جڑیں اکثر رویے میں غفلت یا لاپرواہی سے جڑی ہوتی ہیں۔اگر لائن سٹاف خود اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو ترجیح نہیں دیں گے تو دنیا کا کوئی بھی سسٹم انہیں حادثات سے نہیں بچا سکتا۔ تربیتی سیشن میں تمام ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز، ایس ڈی اوز اور لائن سپروائزرز نے شرکت کی۔