پاکستان کرکٹ بورڈ کا ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 7 جولائی سے 2 اگست تک سکلز اینڈ فٹنس کیمپ کے انعقاد کا اعلان

55
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

راولپنڈی۔5جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 7 جولائی سے 2 اگست تک سکلز اینڈ فٹنس کیمپ کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور اوول گراؤنڈ میں منعقد ہو گا جس میں ملک بھر سے منتخب 24 خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی۔ 27 روزہ اس کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں اور جسمانی فٹنس کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔ ویمن کرکٹ ٹیم کے آئرلینڈ کے دورے کے لیے تربیتی کیمپ 28 جولائی سے شروع ہو گا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔

اس پری ٹور کیمپ میں سلیکشن کمیٹی کی جانب سے منتخب کی گئی 15 رکنی ٹیم شریک ہو گی۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ روانہ ہو گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔ یہ تینوں میچز کلون ٹرف، آئرلینڈ میں منعقد کیے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس کیمپ اور دورے کو کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا گیا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔