لاہور۔5جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ورہنمائی کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں اہم اصلاحاتی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق چیئرپرسن سارہ احمد کی زیرِ سرپرستی ادارے نے نہ صرف بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا بلکہ ان کی بحالی، خودمختاری اور ہنرمندی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پہلی مرتبہ بیورو میں مقیم بچوں کو تحفظ کے ساتھ ساتھ باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں جو بیورو کی ایگزٹ پالیسی کا اہم جزو ہے،18 سال کی عمر کے بعد بچوں کو مختلف ہنر سکھا کر معاشی طور پر خودمختار بنایا جا رہا ہے۔
اسی طرح ادارے کی تربیتی اور بحالی اسکیموں کے تحت مختلف شعبوں میں بچوں کو ہنر سکھایا جا رہا ہے جن کے نتیجے میں وہ باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک معروف ہیئر سیلون برینڈسے تربیت مکمل کرنے کے بعد7 بچوں کو روزگار حاصل ہوا،اسی طرح نرسنگ کورس مکمل کرنے والی3 بچیاں شالامار ہسپتال میں ملازمت انجام دے رہی ہیں، سویٹ افیئرز سے تربیت حاصل کرنے والی6 بچیاں کامیابی سے اپنی بیک شاپ چلا رہی ہیں جبکہ ڈپلیکس بیوٹیشن برینڈ سے کورس مکمل کرنے والی 6 بچیوں نے بھی ملازمت حاصل کر لی ہے۔
علاوہ ازیں ایک اورمعروف برینڈ میں تربیت مکمل کرنے والے 6 بچے اسی برینڈ میں برسرِ روزگار ہیں، فن کو میں4 اور فلیٹیز ہوٹل میں 2 بچوں نے شیف کورس مکمل کرنے کے بعد ملازمت حاصل کی جبکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے 21 بچے اور بچیاں میرٹ پر بیورو میں ہی ملازمت حاصل کر چکے ہیں، جو ادارے کی تربیت، اعتماد اور بہترین نگرانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس حوالے سے سارہ احمد کا کہنا تھا کہ بیورو کا مقصد صرف پناہ دینا نہیں بلکہ بچوں کو باعزت زندگی کی طرف گامزن کرنا بھی ہے، ہم بچوں کو ہنر مند، خودمختار اور باوقار شہری بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ اصلاحات پنجاب حکومت کے اس عزم کا واضح اظہار ہیں کہ وہ معاشرے کے کمزور ترین طبقے کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔