نویں محرم الحرام،ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگیا

54
نویں محرم الحرام،ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگیا

ملتان۔ 05 جولائی (اے پی پی):نویں محرم الحرام کے سلسلے میں امام بارگاہ ممتازآباد سے نکلنے والا ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگیا۔ اس حوالے سے سی پی او ملتان اورڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے امام بارگاہ ممتازآباد کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پرایس ایس پی آپریشنز ملتان احمد زنیر چیمہ، ایس پی کینٹ ڈویژن کائنات اظہر، سی ٹی او ملتان سردار موارہن خان، ایس ڈی پی او کینٹ ہلار خان چانڈیو، سول ڈفینس آفیسر شاکیب احمدبھی موجودتھے۔ایس ایس پی آپریشنز ملتان احمد زنیر چیمہ نے شہر بھر میں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔وزٹ کے دوران سی پی او ملتان نے امام بارگاہ کے داخلی خارجی راستوں سمیت جلوسوں کے چاروں اطراف سے سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور سرچنگ پوائنٹس، واک تھروگیٹس اور مانیٹرنگ کے عمل کو چیک کیا۔

اس موقع پر سی پی او نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ اپنی ڈیوٹی الرٹ ہو کر اور احسن طریقے سے سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کو بہترین سیکیورٹی اور پرامن ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

سی پی او نے بتایا کہ ضلع ملتان میں نویں محرم الحرام کے حوالے سے 80 جلوسوں اور 166 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے 3342 سے زائد پولیس افسران اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ شہر کے اہم مقامات پر ایلیٹ فورس کی 12 ٹیمیں، ڈولفن فورس، محافظ اسکواڈ اور پولیس کے چاک و چوبند دستے گشت کر رہے ہیں۔سی پی او نے کہا کہ تمام پروگرامز کی ویڈیو ریکارڈنگ اور سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔