امریکا، ٹیکساس میں سیلاب کے باعث ہلاکتیں 51 ہو گئیں، لاپتہ بچیوں کا سراغ نہ مل سکا

61
Floods in Texas
Floods in Texas

نیویارک ۔6جولائی (اے پی پی):امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارش اور سیلاب کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 51 ہو گئی ہے جبکہ لاپتہ ہونے والی 23 بچیوں کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں 15 بچے بھی شامل ہیں۔جمعے کی رات کو اچانک بہت زیادہ بارش سے ٹیکساس کے دریائے گوادولوپ میں طغیانی پیدا ہو گئی تھی اور اس کے کنارے پر لگے سمر کیمپ میں شریک 23 بچیوں سمیت درجنوں افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان کی تلاش تاحال جاری ہے تاہم والدین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوششیں تیز کی جائیں۔ حکام کی جانب سے خبردار بھی کیا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ کیر کاؤنٹی کے کئی دور دراز علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ٹریوس کے علاقے میں مزید چار ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے جبکہ 13 لاپتہ ہیں، اسی طرح کینڈل میں بھی ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ 850 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا ہے جن میں سے زیادہ تر اچانک پانی آنے کے بعد درختوں اور پہاڑوں پر چڑھ گئے تھے۔کیرویلی کے سٹی مینیجر ڈیلٹن رائس نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاپتہ ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ ابھی تک تمام معلومات سامنے نہیں آئیں۔