مانسہرہ پولیس کی کارروائی میں قتل کا ملزم گرفتار، آلہ قتل برآمد

40
Arrested
Arrested

مانسہرہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):مانسہرہ کے تھانہ خاکی کی حدود بھیرکنڈ میں نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزم کو پولیس کی پیشہ ورانہ اور بھرپور کوششوں کے نتیجے میں گرفتار کر لیا جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق 18 جون 2025 کو تھانہ خاکی کی حدود بھیرکنڈ میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا، جس میں عزیر کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

واقعے کی اطلاع پر تھانہ خاکی پولیس موقع پر پہنچی اور موقعہ واردات سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کی۔ واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر اور ڈی ایس پی سرکل بفہ شاہجہان خان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ خاکی عبدالستار خان سمیت تجربہ کار افسران پر مشتمل ایک سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی۔

تفتیشی ٹیم نے جدید تکنیکی بنیادوں، مقامی ذرائع اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسلسل دن رات کی محنت کے بعد کیس کو کامیابی سے ٹریس کیا اور مرکزی ملزم دلاور ولد مختیار سکنہ ڈنہ پھلڑہ کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران قتل میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزم کے سہولت کار کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپہ مار کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔