ڈاکٹر حسن داؤد بٹ کی گلوبل گورننس انسٹی ٹیوشن میں بطور اعزازی ڈائریکٹر اور ممبر اکیڈمک کمیٹی تقرری

100
Dr. Hassan Daud Butt
Dr. Hassan Daud Butt

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی تعلقات، علاقائی تعاون اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے حوالے سے پاکستان کے ممتاز ماہر ڈاکٹر حسان داؤد بٹ کو عالمی ادارے میں کلیدی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔ انہیں ’’سینٹر فار بی آر آئی اینڈ ریجنل اسٹڈیز‘‘ کا اعزازی ڈائریکٹر اور ’’گلوبل گورننس انسٹی ٹیوشن‘‘ کی اکیڈمک کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔

یہ تقرری تین سالہ مدت کے لیے کی گئی ہے جو یکم جولائی 2025 سے مؤثر ہو گی۔ ڈاکٹر حسن کی تعیناتی کا مقصد علاقائی روابط، گورننس، پالیسی ریسرچ، اور عالمی ترقیاتی امور پر تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔گلوبل گورننس انسٹی ٹیوشن ایک بین الاقوامی تحقیقی اور پالیسی ادارہ ہے جو دنیا بھر میں گڈ گورننس، بین الاقوامی تعاون، پائیدار ترقی اور جغرافیائی سیاست جیسے شعبوں میں پالیسی سازوں، ماہرین اور محققین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

ڈاکٹر حسن داؤد بٹ کی شمولیت ادارے کے لیے علمی لحاظ سے ایک قیمتی اثاثہ تصور کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں میں خدمات انجام دیں، جن میں سی پیک اتھارٹی، پبلک پالیسی ادارے اور متعدد جامعات شامل ہیں۔ ان کا شمار پاکستان کے ان ماہرین میں ہوتا ہے جنہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو پاکستان کے تناظر میں تحقیق، پالیسی اور اکیڈمک سطح پر اجاگر کیا۔

اپنی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہا کہ یہ میرے لیے باعث اعزاز ہے کہ مجھے گلوبل گورننس انسٹی ٹیوشن جیسے باوقار ادارے کا حصہ بننے کا موقع ملا ہے۔ میں بھرپور کوشش کروں گا کہ پاکستان کے مؤقف، تحقیق اور تعاون کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کر سکوں۔