اسلام آباد/بیجنگ ۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان اور چین نے ثقافتی سفارت کاری، سیاحتی تعاون، اور مشترکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک جامع معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان کے وزیر ثقافت، سیاحت و قومی ورثہ حذیفہ رحمان اور چین کے وزیر ثقافت و سیاحت گاو ژینگ کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی اعلی سطحی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کلیدی اقدامات طے کئے گئے۔
ان اہم معاہدوں اور اقدامات میں ورثہ کی بحالی اور ڈیجیٹل دستاویزات کا منصوبہ شامل ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے تاریخی مقامات کی بحالی، تحفظ، اور ان کی ڈیجیٹل دستاویزات تیار کرنے کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس میں قدیم ثقافتی ورثے کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حفاظت بھی شامل ہے۔ ثقافتی تبادلے اور میوزیم کی ترقی کے تحت دونوں اطراف نے میوزیم کی ترقی، آرٹ نمائشوں، فلمی میلوں کے انعقاد اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ چین نے وفاقی وزیر حذیفہ رحمان کو ستمبر 2025 میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی میوزیم کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیت کے فروغ کے لئے پاکستانی میوزیم کے عملے کو جدید میوزیالوجی، آرٹ کی بحالی، اور سیاحت کے شعبے میں تربیت دینے کے لیے چین کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کے تحت دونوں ممالک نے سیاحتی ویزا پالیسیوں کو آسان بنانے، مشترکہ سیاحتی مہمات چلانے، اور ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے گوادر جیسے منصوبوں کو بھی سیاحتی مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔ پاک چین تعلقات کے حوالے سے وزیر حذیفہ رحمان نے چین کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل دوستی اور تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ سمندروں سے گہرا، پہاڑوں سے بلند اور شہد سے میٹھا ہے۔
انہوں نے چینی قیادت بالخصوص صدر شی جن پنگ کی پاکستان کے ثقافتی اور سیاحتی شعبوں میں تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ چینی وزیر گاو ژینگ نے پاکستان کے ساتھ ثقافتی شراکت داری کو سی پیک کا کلیدی پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط کریں گے۔
یہ معاہدے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ثقافتی اور سیاحتی تعاون کو ایک نئی سطح پر لے جائیں گے۔ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ثقافتی فیسٹیولزکے انعقاد، تاریخی مقامات کی بحالی، سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی، پر کام کیا جائے گا۔ یہ ملاقات پاک چین تعلقات کو ثقافتی، سیاحتی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے میدان میں ایک نئی جہت دے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔