لندن۔7جولائی (اے پی پی):سپین کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار ، سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز ،امریکا کے ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز،روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف اور انگلینڈ کے کیمرون نوری اپنی پیش قدمی کو جاری رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ کے روس کے ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف اور پولینڈ کے ٹینس کھلاڑی کامل ماچرزاک مینز سنگلز کے ٹاپ 16 رائونڈ میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
ہسپانوی ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میں روسی حریف کھلاڑی آندرے روبلوف کو مات دے کر کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہے ہیں ۔
پانچ گرینڈ سلام ٹائٹلز کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے دفاعی چیمپئن 22 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے چوتھے رائونڈ میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے روسی حریف کھلاری آندرے روبلوف ک7-6(7-5)،3-6، 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا ۔
امریکا کے ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے آسٹریلوی حریف کھلاڑی جورڈن تھامسن کے خلاف پہلے سیٹ میں 1-6 سے کامیابی حاصل کی ، دوسرے سیٹ میں 0-3 کے ساتھ برتری تھی کہ آسٹریلوی حریف کھلاڑی مقابلے سے دستبردار ہوگئے اور ٹیلر فریٹز نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے بھی ٹاپ 16 لائن عبور کرلی ،انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پولینڈ کے حریف کھلاڑی کامل ماچرزاک کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6، 2-6 اور 3-6 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
چوتھے رائونڈ کے ایک اور میچ میں برطانوی ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری نے بھی ٹاپ ایٹ رائونڈ تک رسائی حاصل کرلی،انہوں نے چلی کے حریف کھلاڑی نکولس جیری فلول کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 6-7(4-7)، 7-6(9-7)، 7-6(7-5)اور 3-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ تک رسائی حاصل کی ۔