راولپنڈی۔ 07 جولائی (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے چوہڑ چوک کا دورہ کیا اور 11 محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے جلوسوں کیلئے کیے گئے سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی نے جلوس کے روٹس کا خود معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ کسی بھی جگہ رکاوٹ نہ ہو اور جلوس کے شرکاء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
انجینئر عامر خٹک نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور CCTV کیمروں، واک تھرو گیٹس اور مناسب چیکنگ کے عمل کو فعال رکھا جائے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے واضح کیے جائیں اور عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 11 محرم الحرام کو امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام ادارے آپس میں مربوط رابطہ رکھیں اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمز الرٹ رہیں۔انہوں نے کہا کہ عزاداری عوام کا مذہبی حق ہے اور ضلعی انتظامیہ اس کے پرامن اور باوقار انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔