گوجرانوالہ،ریجن پولیس گوجرانوالہ اورڈاکٹر محمد آصف ملک اور ڈاکٹر راشد حسین کے درمیان معاہدہ

23

گوجرانوالہ 07 جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس گوجرانوالہ  اور ڈاکٹر محمد آصف ملک ماہر امراض گردہ مثانہ اور ڈاکٹر راشد حسین آرتھوپیڈک سرجن کے مابین ایک معاہدہ طے پایا معاہدہ کے تحت دونوں ڈاکٹرز کے پاس پولیس جوانوں اور اہلکاروں کو علاج و معالجہ میں خصوصی رعایت فراہم کی جائیگی۔ جبکہ شہداء پولیس کے اہل خانہ کی کو بلا معاوضہ جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیگی۔اسی سلسلہ میں آر پی او آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ اور ڈاکٹر محمد آصف ملک ماہر امراض گردہ مثانہ اور ڈاکٹر راشد حسین آرتھوپیڈک سرجن نے معاہدہ پر دستخط کئے۔اس موقع پراے ڈی آئی جی اسد محمودچیمہ بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات مرکزی حیثیت رکھتی ہیں پولیس فورس جرائم سمیت ہر محاذ پر فرنٹ لائن پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے ان کی فلاح وبہبود ہماری اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ریجن پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کے لیے ان کے اہلخانہ کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا آغاز کیا گیا ہے، اسی ضمن میں ڈاکٹر محمد آصف ملک اور ڈاکٹر راشد حسین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو کہ انتہائی معقول نرخوں پرگوجرانوالہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کو طبی سہولیات فراہم کریگا۔

آر پی او نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکار مزید مثالی سہولیات کے حقدار ہیں اس حوالے سے ریجن بھر کے دیگراداروں سے بھی معاہدے کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پرڈاکٹرز نے آر پی او کو اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی۔