پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگودھا کی کارروائی، قوانین کی خلاف ورزی پر تین لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد

11

سرگودھا۔ 07 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگودھا نے محرم الحرام کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 366,000 روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایف اے سرگودھا شہباز سرور نے’’ اے پی پی‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف اے نے سرگودھا میں محرم کے دوران صحت عامہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کیے ہیں۔ اس ضمن میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فوڈ سیفٹی ریگولیشنز کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ سینٹرز اور سبیل سمیت 274 پوائنٹس پر معائنہ کیا اور معمولی نقائص کے حامل افراد کو نوٹسز جاری کیے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ پی ایف اے کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائیوں کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ کاری میں کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف اے کی کوششوں کا مقصد محرم کے دوران عوام کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ اتھارٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ کھانے کے تمام بیکریاں ،ہوٹلز، ریسٹورنٹس، ڈھابے وغیرہ فوڈ سیفٹی کے معیارات اور ضوابط پر عمل پیرا ہوں تاکہ عوام کو معیاری خوراک فراہم کی جا سکے ۔