وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا روس کے شہر یکاترنبرگ کا دورہ ، صنعتی تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت

54

یکاترنبرگ۔7جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے روس کے شہر یکاترنبرگ کا دورہ کیا ،جہاں وفد نے ’’انو پروم‘‘ سالانہ صنعتی فورم میں شرکت کی۔

ہارون اختر خان نے فورم کے پہلے روز مختلف صنعتی نمائشوں کا دورہ کیا اور روسی صنعت میں موجود جدید تکنیکی صلاحیتوں اور اختراعات کا مشاہدہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے پاکستان اور روس کے کاروباری اداروں کے درمیان صنعتی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی، خصوصاً مشترکہ صنعتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر زور دیا۔ہارون اختر خان نے ان روسی کمپنیوں سے بھی ملاقاتیں کیں جو پاکستان میں معدنیات کی تلاش اور ترقی میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی وفد اور روسی وزیر صنعت و تجارت انتون الیخانوو کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں پاکستان سٹیل ملز کی بحالی سے متعلق تکنیکی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دونوں فریقین نے صنعتی شعبے میں دوطرفہ تعاون اور تجارتی فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی وفد نے روسی حکام کو پاکستان کی نئی صنعتی پالیسی کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔ہارون اختر خان نے روسی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں الیکٹرک بسز، لوکوموٹیوز، کھاد، ادویات اور زرعی مشینری کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے قائم کریں تاکہ دونوں ممالک صنعتی ترقی اور اقتصادی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو سکیں۔