ٹھوس معاشی پالیسیاں اور مالی شمولیت معیشت کے ستون ہیں، بینک جمیل احمد

45

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک ساختی اصلاحات اور مالی شمولیت کے ذریعے پائیدار و جامع معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ وہ سٹیٹ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے اشتراک سے "ویمن اینٹرپرینیورز فنانس کوڈ” کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

گورنر نے کہا کہ ملکی معیشت میں حالیہ استحکام نتیجہ ہے، زری و مالیاتی پالیسیوں کے موثر امتزاج کا جس کی بدولت مہنگائی کی شرح مالی سال 25ء میں کم ہو کر 4.5 فیصد پر آ گئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 2023ء کی نسبت تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں، جاری کھاتے کا توازن مثبت ہے اوردوسری بار مسلسل بنیادی مالی سرپلس حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پالیسیوں کا مقصد قلیل مدتی فوائد کے بجائے دیرپا اور مستحکم معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ جمیل احمد نے خواتین کی مالی شمولیت کو معاشی ترقی کا انجن قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی زیر قیادت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ڈبلیو ایم ایس ایم ایز) معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس موقع پر سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے خواتین کی مالی شمولیت کے فروغ کے لیے ایس بی پی کی "برابری پر بینکاری” اور قومی مالی شمولیتی حکمت عملی (این ایف آئی ایس) جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں اے ڈی بی کی سینئر ڈائریکٹر کرسٹین اینگسٹروم اور عالمی بینک کی وینڈی ٹیلیکی نے بھی شرکت کی اور سٹیٹ بینک کی جانب سے "ویمن فنانس کوڈ” اپنانے پر خوشی کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران منعقدہ پینل مباحثوں میں پالیسی سازوں، مالی اداروں، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی نمائندگان نے خواتین کی کاروباری ترقی میں درپیش رکاوٹوں اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔