اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 9اور10محرم الحرام کے دوران بہترین ٹریفک انتظامات کیے۔وفاقی دارالحکومت میں جی سکس مرکزی جلوس سمیت مختلف مجالس اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کے مربوط نظام کو برقراررکھاگیا،جلوس کے روٹس اور امام بارگاہ سے دور گاڑیوں کیلئے پارکنگ ایریا مختص کیا گیا،جبکہ شہریوں کی آمدو رفت کیلئے متبادل راستے مہیا کئے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 9اور10محرم الحرام کے دوران بہترین ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا ،اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا تھا۔پلان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 500سے زائد افسران و جوان شہر کے مختلف اہم شاہراہوں اور دیگر مقامات پر اپنے فرائض موثرانداز میں سرانجام دیتے رہے۔
اسی کے ساتھ مجالس اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو بھی بہتر انداز میں برقراررکھا گیا تاکہ دوران سفر شہریوں کو کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کارلاتے ہوئے شہریوں کو ہر قسم کی سفری سہولیات مہیا کرنے سمیت وفاقی دارالحکومت میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقراررکھنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے،اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کے موثر انتظامات کی بدولت وفاقی دارالحکومت میں موثرٹریفک کے نظام کو برقراررکھا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں اسلام آباد پولیس کی کاوشوں اور فرائض کی ادائیگی کو معاشرے کے تمام طبقات اور شہریوں نے مختلف فورمز پر سراہا ہے
جبکہ عوامی مقامات پر ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور شاہراہوں پر ٹریفک کی مو ثر روانی کو بھی شہریوں نے قابل حسین قرار دیا۔سی ٹی او اسلام آباد نے بہترین انتظامات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں کو شاباش دی اور اپنے فرائض تندہی اور پیشہ وارانہ انداز میں ادا کرنے کی تلقین کی۔