وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر منشیات فروشی ،شراب سپلائی اور غیر قانونی اسلحہ کا سدباب ممکن بنایا جا رہا ہے ، سی پی او

48

راولپنڈی ۔8جولائی (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر راولپنڈی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشی ،شراب سپلائی اور غیر قانونی اسلحہ کا سدباب ممکن بنایا جا رہا ہے۔منگل کو انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے تمام تھانوں کی حدود میں چوری ،ڈکیتی ،راہزنی کے علاوہ قمار بازی کے خلاف بھرپور کارروائی کی جارہی ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کرایہ داروں ،ہوٹلز ،ریسٹورنٹس اور گیسٹ ہائوسز کی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ منگل کو نیو ٹائون کے علاقہ میں پولیس کے بروقت رسپانس نے کروڑوں کی بینک ڈکیتی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، 15 پر اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ایک ڈاکو کو حراست میں لے لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ڈرگ فری پنجاب کے تحت راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے چار ملزمان گرفتار کر کے 14 کلو سے زائد منشیات برآمدکر لی۔

کلر سیداں پولیس نے 14 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے اور اس کی نازیبا ویڈیو بنانے والے شخص کو گرفتار کر لیا، واقعہ کا مقدمہ 4 دن پہلے درج کیا گیا تھا۔ راولپنڈی پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے کر شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا، زیر حراست افراد کے خلاف کارروائیاں تھانہ روات، صدر بیرونی اور دھمیال کے علاقوں میں کی گئیں۔