نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او چوک انڈرپاس کے منصوبوں سے ٹریفک کے دیرینہ مسائل مستقل طور پر حل ہوں گے ،بیرسٹر دانیال چوہدری

65

راولپنڈی۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی کے شہریوں کو نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او چوک انڈرپاس کی شکل میں دو بڑے ترقیاتی منصوبے فراہم کیے ہیں جو نہ صرف شہر کے اندر آمدورفت کو سہل بنائیں گے بلکہ دیگر شہروں سے راولپنڈی آنے والوں کے لیے بھی سفری سہولت کا باعث بنیں گے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں فلاحی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔ یہ ترقیاتی منصوبے نہ صرف سفری مسائل کا مستقل حل فراہم کرتے ہیں بلکہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں جو عوامی خوشحالی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت، ترقی اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔

راولپنڈی جیسے بڑے اور اہم شہر کے لیے نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او چوک انڈرپاس جیسے منصوبے ایک تاریخی قدم ہیں جو شہری ٹریفک کے دیرینہ مسائل کو مستقل طور پر حل کریں گے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ان منصوبوں کی بدولت نہ صرف شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ فضائی آلودگی میں بھی کمی واقع ہو گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے سفر کو اسی جذبے سے جاری رکھے گی اور آئندہ دنوں میں مزید میگا منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ پنجاب کو حقیقی معنوں میں ایک ماڈل صوبہ بنایا جا سکے۔