اقوام متحدہ ۔9جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب ایمبسیڈر ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے افغانستان کی سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے سعودی عرب کی سپورٹ کا اعادہ کرتے ہوئے افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے پر زور دیا ہے۔عاجل نیوز کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر اجلاس میں اپنے خطاب میں انہوں نے افغان عوام کو درپیش معاشی و انسانی مشکلات پر مملکت کی تشویش کا اظہارکیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ’وہ امدادی کوششیں تیز کریں تاکہ افغان عوام کو فوری ریلیف مل سکے اور ان کی مشکلات کم ہوں، خاص طور پر خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے افغان عوام کو سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی امداد کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے تعلیم، روزگار اور عام زندگی میں افغان خواتین کے حقوق اور انہیں با اختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا افغان سرزمین کو دہشت گردی کی کارروائیوں یا منشیات کی سمگلنگ کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس سے علاقائی اورعالمی سلامتی کو لاحق خطرات سے بھی خبردار کیا۔ سعودی مستقل مندوب نے مزید کہا کہ سعودی عرب، افغانستان کے استحکام کےلیے سیاسی، انسانی اور ترقیاتی اقدامات کےلیے سپورٹ جاری رکھے گا۔
یاد رہے سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز نے افغانستان میں اب تک 54 ملین ڈالر کے 57 منصوبوں پر عملدرآمد کیا ہے۔ان منصوبوں میں فوڈ سکیورٹی، صحت، تعلیم، پانی کے ساتھ انسانی ہمدردی کے دیگر اقدامات شامل ہیں۔