راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):تھانہ روات کے علاقہ میں ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا ۔بدھ کو پولیس ترجمان کے مطابق روات پولیس کو اطلاع ملی کہ ملزم نے بیٹی کو سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک موبائل سے ڈیلیٹ کرنے کا کہا تھا جو کہ بیٹی نے ڈیلیٹ نہیں کیا جس کے بعد ملزم نے غیرت کے نام پر اپنی 16 سالہ بیٹی کو قتل کردیا ہے
مگر مقتولہ کے اہلخانہ وقوعہ کو خود کشی کا رنگ دے رہے ہیں۔پولیس کی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ملزم نے اپنی بیٹی کا نا حق قتل کیا ہے ۔واقعہ کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے مقدمہ کے اندراج اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ روات پولیس نے قلیل وقت میں مقتولہ کے والد کو تحویل میں لے لیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم ناقابل برداشت ہیں، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔