مظفرگڑھ۔ 21 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے مظفرگڑھ میں مینگو فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے منظوری مینگو فیسٹیول کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمٰن ، سی او ضلع کونسل انعم معصومہ سمیت آم کے کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مینگو فیسٹول ماہ اگست کے پہلے عشرے میں منعقد کیا جائے گا۔
جس کےلئے ڈی او زراعت رانا حبیب الرحمٰن، دیگر متعلقہ افسران کی مشاورت سےمناسب تاریخ اور جگہ کا تعین کریں گے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مینگو فیسٹول مقامی ثقافت، زراعت اور سیاحت کو فروغ دینے کا بہترین موقع ہے، فیسٹول میں آم کے مقامی کاشتکاروں، تاجروں اور ان کی فیملیز کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی، صفائی، پارکنگ، سٹیج، اسٹالز اور تفریحی سرگرمیوں کی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مینگو فیسٹول میں بچوں اور خواتین کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ خضر ظہورسمیت محکمہ زراعت، محکمہ ایکسائز ، مارکیٹنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔