این ڈی ایم اے نے 28 سے 31 جولائی تک ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 28 سے 31 جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بروقت …

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 28 سے 31 جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کے اضلاع سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور اور نارووال میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں درمیانے درجے کی بارشوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں کے برساتی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان ہے۔ پیر پنجال پہاڑی سلسلے سے نکلنے والے نالوں میں پانی کے بہاؤ میں درمیانے درجے کا اضافہ متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع کوہستان، سوات، ملاکنڈ، دیر، بونیر اور ملحقہ ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

دریائے سوات، پنجکوڑہ، بارہ اور کلپانی نالہ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ چترال، بونی اور ریشون میں گلیشئرز کے پگھلنے اور ممکنہ بارشوں کے باعث دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ گلگت، سکردو، ہنزہ، شگر، مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ مظفرآباد، باغ، پشاور، مردان، نوشہرہ اور ایبٹ آباد کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔

اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے اہلکار، مشینری اور ریسکیو ٹیمیں تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بروقت اقدامات اٹھانے کی تاکید کی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کے حوالے سے پیشگی آگاہی، ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔

عوام سے درخواست ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر احتیاط برتیں اور ہنگامی حالات میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ یہ الرٹ عوام کی حفاظت اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لئے جاری کیا گیا ہے تاکہ بروقت اقدامات سے جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے۔