وفاقی وزیربحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی پاکستان کی پہلی فیری سروس تیزی سے شروع کرنے اور لائسنس کے طریقہ کار میں فوری اصلاحات لانے کی ہدایت

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی وزیربحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان کی پہلی فیری سروس کو تیزی سے شروع کرنے اور لائسنس کے طریقہ کار میں فوری اصلاحات اور آپریٹرز کے لیے مالیاتی سہولت فراہم کرنے پر زور دیا ہے تاکہ سستے سمندری سفر کو یقینی بنایا جا سکے، زائرین کی مدد کی جا سکے اور بحری رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔وفاقی وزیر بحری امور نے ان …

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی وزیربحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان کی پہلی فیری سروس کو تیزی سے شروع کرنے اور لائسنس کے طریقہ کار میں فوری اصلاحات اور آپریٹرز کے لیے مالیاتی سہولت فراہم کرنے پر زور دیا ہے تاکہ سستے سمندری سفر کو یقینی بنایا جا سکے، زائرین کی مدد کی جا سکے اور بحری رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔وفاقی وزیر بحری امور نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل شپنگ اینڈ پورٹس عالیہ شاہد کی طرف سے ایک تفصیلی پریذنٹیشن دیئے جانے کے موقع پر کیا۔بیوروکریٹک رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ فیری لائسنسنگ کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے اور موجودہ جہاز کی رجسٹریشن کی طرح پاکستان سنگل ونڈو پلیٹ فارم میں ضم کیا جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر لائسنس جاری کرنے کی موجودہ چھ ماہ کی مدت کو کم کرکے صرف ایک ماہ کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال کی تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے، ہمیں سرخ فیتہ ختم کرنا چاہیے اور فیصلہ کن کام کرنا چاہیے۔نجی شعبے کی شرکت کو راغب کرنے کے اقدام میں وفاقی وزیر نے فیری آپریٹرز کے لیے لچکدار مالیاتی ماڈلز تلاش کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا ہمیں اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ آیا بینک گارنٹی، انشورنس گارنٹی یا ہائبرڈ ماڈل سب سے زیادہ قابل عمل ہے۔انہوں نے کہاہمارا مقصد ان کاروباری افراد کی مدد کرنا ہے جو اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔سمندری سفر کے وسیع تر فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ فیری خدمات ایران اور عراق جانے کے خواہشمند زائرین کے لیے ایک سستی اور قابل اعتماد سفری حل فراہم کر سکتی ہیں،سیاحت اور کاروبار سے ہٹ کر یہ سروس مذہبی سفر میں بہت زیادہ سہولت فراہم کر سکتی ہے، ہم حجاج کرام کو ان کے سفر کے لیے ایک نیا، محفوظ اور کم خرچ آپشن پیش کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے خاص طور پر مذہبی مسافروں کے لیے فیری سروسز کی وسیع تر افادیت پر زور دیا،ہر سال 70 ہزار سے 1 لاکھ پاکستانی زائرین ایران اور عراق کا سفر کرتے ہیں۔وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے نتیجہ اخذ کیا کہ اگر موثر طریقے سے لاگو کیا جائے تو یہ سروس پورے خطے میں ایک اہم نئی ٹرانسپورٹ لنک بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اگلے چند ہفتوں میں رول آئوٹ کے لیے ایک تفصیلی روڈ میپ کی نقاب کشائی کریں گے۔