26.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںاسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان...

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاک-ایران پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی ۔اتوار کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران بھائی چارے، تاریخ و ثقافت اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان، ایران کی خودمختاری و سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ صدر پزشکیان کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی و معاشی روابط کو وسعت دینے پر زور دیا اور آپریشن "بنیان مرصوص” پر ایران کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی رابطے علاقائی استحکام کیلئے خوش آئند ہیں،مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن خطے کی خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے،ایران پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے عالمی تنازعات کے حل کا حامی ہے،پاکستان کی پارلیمان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کیں،پاکستان اور ایران کے عوام یک جان دو قالب کی مانند ہیں،ایران اور پاکستان کے مابین ہونے والے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط خوش آئند ہیں۔

- Advertisement -

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، غزہ اور کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینی اور کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان آمد پرپرتپاک استقبال اور میزبانی پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان میں جو محبت اور خلوص ملا ہمشہ یاد رہے گا،پاکستان نے مشکل وقت میں ساتھ دے کر اخوت کی بہترین مثال قائم کی،پاکستان کے واضح موقف نے ایرانی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

ایرانی صدر نےاسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی جانب سے حمایت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا،ایران اور پاکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی اس موقع موجود تھے-

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں