توانائی شعبے نے 20فیصد سالانہ کے اضافے سے قرضے حاصل کیے ،ٹیکسٹائل شعبے میں 4فیصد کا اضافہ ہواہے، مرکزی بینک

110

کراچی ۔ 17 جولائی (اے پی پی) مالی سال 2016-17 کے دوران نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کی شرح میں 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ دس سال کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ہے ، مالی سال 2009 تا 2012 کے دوران نجی شعبے کی جانب سے حاصل کیے گئے قرضوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا تھا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مارچ تک نجی شعبے کو فرام کردہ قرضوں کی شرح اس سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 17 فیصد زائد رہی ہے ۔رپورٹ کے مطابق قبل ازیں ٹیکسٹائل کا شعبہ سب سے زیادہ قرضے حاصل کرنے میں سرفہرست رہتا تھا ،تاہم گزشتہ تین سال کے دوران بجلی کی پیداوار اور ترسیل وغیرہ کیلئے توانائی کے شعبے نے مجموعی جاری قرضوں میں سے 20فیصد سالانہ کے اضافے سے قرضے حاصل کیے ہیں جبکہ دوسری جانب گزشتہ تین سال میں ٹیکسٹائل شعبے کے حاصل کردہ قرضوں میں سالانہ 4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔