وزیراعظم محمد نواز شریف 2018ءکے عام انتخابات میں بھی دو تہائی اکثریت لے کر ایک بار پھر وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہوں گے ، چوہدری محمد برجیس طاہر

84

اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف 2018ءکے عام انتخابات میں بھی دو تہائی اکثریت لے کر ایک بار پھر وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہوں گے اور سازشی عناصر کی ان کو سیاست سے دور رکھنے کے تمام تر منصوبے ناکامی سے دوچار ہوں گے۔ وہ پیر کو آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے اور وہ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کے ضمن میں عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو غلط ثابت کر کے دکھائیں گے انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی نے انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر ایک جانبداررپورٹ پیش کی ہے جس کو سپریم کورٹ میں غلط ثابت کیا جائے گا۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملک درست سمت میں ترقی کی منازل طے کرنا شروع کر تا ہے تو عمران خان جیسے چند عناصر ترقی کے اس عمل کو ڈی ریل کرنے کے درپر ہو جاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان جیسے سازشیوں کو واضح طور پر علم ہے کہ وہ الیکشن کے میدان میں تو نوازشریف کو شکست نہیں دے سکتے لہذا انہوں ے نوازشریف کو سیاست سے دور کرنے کے لیے دیگر سازشی منصوبے ترتیب دیئے جس کا اطلا ق عمران خان نے 2013ءکے انتخابات کے بعد دھرنوں اور سازشوں کی صورت میں کر رکھا ہے۔