بونیر۔ 17 اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون برائے اطلاعات و امورِ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے ہفتہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اختیار ولی خان نے سیلاب سے متاثرہ پیر بابا، چنار، سواری، بیشونئی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرہ آبادی سے ملاقات کی …
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اختیار ولی خان کا بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین سے یکجہتی کا اظہار

مزید خبریں
بونیر۔ 17 اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون برائے اطلاعات و امورِ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے ہفتہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اختیار ولی خان نے سیلاب سے متاثرہ پیر بابا، چنار، سواری، بیشونئی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرہ آبادی سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کیے جائیں اور امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر یہاں بونیر میں آفت زدہ علاقوں میں جاری امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ وفاقی سرکاری محکموں اور امدادی اداروں بشمول این ڈی ایم اے کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو بلاتفریق فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
اختیار ولی خان ،جو کہ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے ترجمان بھی ہیں، نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ وہ اسلام آباد سے بونیر آئے جہاں بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔
وزیراعظم کے معاون نے کہا کہ بونیر میں سیلاب سے ہونے والی تباہی ان کی توقع سے کہیں زیادہ ہے اور وفاقی حکومت کو مدد اور معاوضے کےلیے اس سے آگاہ کیا جائے گا۔ اختیار ولی خان نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور تمام شہداء کےلیے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد ہی ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اختیار ولی خان نے پیر بابا کے مزار کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور زخمی سیلاب متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔








