صدر مملکت ممنون حسین سے سپیکر اسماعیل قاہرامان کی قیادت میں ترکی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

214

صدر مملکت ممنون حسین سے سپیکر اسماعیل قاہرامان کی قیادت میں ترکی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات
صدر مملکت نے پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی تعاون اور تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا
اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے دہشت گردی کی لعنت سے مل کر نبرد آزما ہونے کے لئے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون کو مزید تقویت دینے کی ضرورت دیا ہے تاکہ نہ صرف دونوں برادر ممالک بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات ترک پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل قاہرامان کی قیادت میں ان سے ایوان صدر میں منگل کو ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، کنوینر پاک ترک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور پاکستان میں ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن بھی موجود تھے۔ صدر ممنون حسین نے پاکستان کا دورہ کرنے پر ترک سپیکر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا دورہ مفید ثابت ہوگا۔ صدر نے استنبول، انقرہ اور دیگر شہروں میں حالیہ دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ترک وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ہر ممکنہ طریقے سے معاونت کے لئے بھی تیار ہیں۔