22.4 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا...

وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، پی ٹی وی کے لیے 3.813 ارب روپے کی قسط اور گلگت بلتستان میں سیلاب زدگان وامدادی کارروائیوں کیلئے 3 ارب روپے کی منظوری

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے لیے 3.813 ارب روپے کی قسط، کیپٹیو پاور صارفین پر لگنے والی ٹرانسمیشن لیوی سے متعلق طریقہ ہائے کاراور گلگت بلتستان میں سیلاب زدگان اورامدادی کارروائیوں کیلئے 3 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کویہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سمیت دیگر اراکین، وفاقی سیکریٹریز، متعلقہ ریگولیٹری اداروں کے نمائندوں اور مختلف وزارتوں و ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) کے لیے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور نیٹ میٹرنگ کے مد میں 11 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری پر غور ہوا۔ کمیٹی نے 3.813 ارب روپے کی فوری جبکہ باقی رقم تنخواہوں، پنشنز اور ریاستی نشریاتی ادارے کے آپریشنل اخراجات کی ادائیگی کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر جاری کرنے کی منظوری دی۔ کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ پی ٹی وی کو بجٹ معاونت پر انحصار کم کرکے خود کفالت کی راہ اختیار کرنا ہوگی۔اجلاس میں میسرزسینرجیکو پی کے لمیٹڈ (سی پی ایل) کی جانب سے 2019ء سے واجب الادا پٹرولیم لیوی کی وصولی کے معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی۔ ای سی سی نے ایس آئی ایف سی اپیکس/ای سی/آئی سی کے فیصلوں کی روشنی میں تیار کیے گئے سیٹلمنٹ فریم ورک کی منظوری دی تاکہ آڈٹ شدہ اصل واجب الادا رقم کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔

- Advertisement -

کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کو سی پی ایل کے ساتھ مجوزہ سیٹلمنٹ ڈید پر دستخط کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام واجب الادا رقم معاہدے کی شرائط کے مطابق سختی سے وصول کی جائے۔اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے کیپٹیو پاور صارفین پر لگنے والی ٹرانسمیشن لیوی میں ریلیف کی سمری پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے ڈویژن کی مجوزہ طریقہ کار کی منظوری دی جس کے تحت کیپٹیو پاور کنزیومرز سے وصول شدہ لیوی کا فائدہ گرڈ صارفینکو منتقل کیا جائے گا۔اجلاس میں مچیکے-تھلیاں-تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کے ٹیرف تعین کے جائزے سے متعلق پٹرولیم ڈویژن کی سمری کابھی جائزہ لیاگیا، یہ منصوبہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بین الحکومتی بنیاد پرآگے بڑھایا جارہاہے۔

کمیٹی نے ڈویژن کی تجویز کردہ شرائط و ضوابط کی منظوری دی تاکہ اس سٹریٹجک منصوبے کا آغاز ممکن ہو سکے جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔اجلاس میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کی جانب سے وزیراعظم کے حالیہ دورہ گلگت بلتستان کے دوران دی گئی ہدایات کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے فنڈز جاری کرنے کی سمری پربھی غورہوا۔ کمیٹی نے متاثرہ خاندانوں کے لیے خیمے، ادویات، خوراک اور دیگر ضروری سامان کی فوری فراہمی، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچہ کی تعمیرِ نو اور متاثرہ کمیونٹیزکی بحالی کے اقدامات کے لیے 3 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں