22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںاسرائیل مغربی کنارے میں جبری نقل مکانی کے لیے بڑا بحران پیدا...

اسرائیل مغربی کنارے میں جبری نقل مکانی کے لیے بڑا بحران پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے،فلسطینی صدر

- Advertisement -

مقبوضہ بیت المقدس۔27اگست (اے پی پی):فلسطینی صدرنے اسرائیل کے مغربی کنارے میں جاری خطرناک اقدامات اور کشیدگی کی مذمت کرتے ہوئے امریکی انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے ،تاکہ اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے جرائم روکے جائیں اور فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی نئی لہر کو روکا جاسکے۔العربیہ اردو کے مطابق فلسطینی ایوان صدر کی طرف سے جاری بیان میں خبردار کیاگیا ہےکہ اسرائیلی کشیدگی کی تازہ ترین کارروائیاں، جن میں رام اللہ اور الخلیل میں دھاوے، شہریوں کی گرفتاری، انہیں گولیاں مار کر زخمی کرنا، املاک کی تباہی اور منی چینجرز اور بینکوں سے بڑی مقدار میں رقوم کی چوری خطرناک ہیں۔

یہ بیان مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ اور جنوبی شہر الخلیل سمیت دوسرے شہروں پر اسرائیلی فوج کی طرف سے کی جانے والی پرتشدد کارروائیوں کے بعد جاری کیا گیا ہے۔فلسطینی اتھارٹی نے کہا کہ یہ جارحانہ حملے فلسطینی عوام اور ان کی زمین پر ایک مہلک کارروائی ہیں اور اسرائیلی حکومت اس کشیدگی کی مکمل ذمہ دار ہے۔فلسطینی صدر نے امریکی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اسرائیل کو اس بلاجواز کارروائی سے روکنے کے لیے اقدامات کرے اور مغربی کنارے میں جاری تمام جرائم کو فوری بند کرائے، جو غزہ میں تباہی اور قحط کے ساتھ بھی جڑے ہوئے ہیں۔

- Advertisement -

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت حالات کو ایک بڑے دھماکے کی طرف دھکیل رہی ہے تاکہ فلسطینی عوام کو اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور کیا جا سکے، لیکن فلسطینی عوام جبری ہجرت کریں گے اور نہ اپنی زمین اور مقدسات سے دستبردار ہوں گے۔ امن اور سلامتی سب کے لیے ہے یا کسی کے لیے بھی نہیں۔

ایوان صدر نے بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس اسرائیلی رویے کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے، کیونکہ یہ اقدامات نہ صرف کشیدگی بڑھائیں گے اور غزہ، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید تناؤ کا شکار کریں گے۔

گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے رام اللہ شہر میں کئی گھنٹوں تک دھاوا بولا اور پرتشدد کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں 58 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ 3 افراد گرفتار کیے گئے۔ اس کے بعد الخلیل شہر میں بھی فوج نے دھاوا بولا اور ایک شہری کو بینک کے اندر سے گرفتار کیا جسے بعد ازاں رہا کردیا گیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں