کراچی۔ 30 اگست (اے پی پی):مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبیؐ صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ ایک نعمت اور اعزاز بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر میں دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ کا دورہ کرنے کے بعد کیا، جہاں انہوں نے مدرسہ کے سربراہ مفتی جان محمد نعیمی سے ملاقات کی اور علمائے کرام و طلباء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے بڑی سڑکوں اور اہم عمارتوں کو خوبصورتی سے سجانے کے ساتھ کراچی بھر میں فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتظامات کا حتمی لائحہ عمل علمائے کرام کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنے اور اجتماعات کو آسان بنانے کے لیے سٹی وارڈنز کو خصوصی طور پر تعینات کیا جائے گا تاکہ شہری امن و سلامتی کے ساتھ مذہبی تقریبات میں شرکت کر سکیں۔
انہوںنے کہا کہ وہ شہر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران تباہ ہونے والی سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور جلد از جلد ان کی حالت بہتر بنالی جائے گی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے اس سال کی بارشوں کے دوران شہر کی سڑکوں پر پانی جمع نہیں ہوا جس کی وجہ کے ایم سی اور دیگر اداروں کی مشترکہ حکمت عملی ہے اور آج کراچی کی تمام بڑی سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔
مدرسہ کے سربراہ مفتی جان محمد نعیمی نے میئرکراچی سے درخواست کی کہ مقامی سڑکوں کی مرمت اور کارپٹنگ کے ساتھ ہی ساتھ سیوریج لائنوں کے رسا ئوکو بھی درست کیا جائے۔ انہوں نے میئر پر زور دیا کہ وہ ربیع الاول کے دوران لوڈ شیڈنگ کو روکنے کے لیے کے الیکٹرک کے ساتھ معاملہ اٹھائے، جس پرمیئر کراچی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ربیع الاول کے اجتماعات اور جلوسوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو بلدیاتی مسائل ٹائونز کی ذمہ داری ہیں، ان کے حل کے لیے ٹائون چیئرمینز کو بھی ہدایت دی جائے گی تاکہ وہ اپنی سطح پر مسائل حل کریں۔بعد ازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے میلاد النبی ۖ کی محفل میں شرکت کی اور حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں نعت پڑھی۔