اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ڈریم سپورٹس گروپ نے ہفتہ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے جناح سٹیڈیم میں نمائشی فٹ بال میچز کا انعقاد کیا۔ ایونٹ میں دو سنسنی خیز مقابلے ہوئے جن میں ڈپلومیٹک ایف سی اور پاکستان ویٹرنز نے فتح حاصل کی۔ پہلے میچ میں ڈپلومیٹک ایف سی نے اسلام آباد ویٹرنز کو 3-2 سے زیر کیا۔ گبسن نے دو گول کیے جبکہ ایڈورڈ نے ڈپلومیٹک ایف سی کے لیے ایک گول کیا۔ اسلام آباد ویٹرنز کی جانب سے دونوں گول ناصر نے کئے۔
دوسرے میچ میں پاکستان ویٹرنز نے ڈپلومیٹک سٹارز کے خلاف 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان ویٹرنز کی جانب سے عمران نیازی نے دو اور میاں عباس اور اللہ نواز نے ایک ایک گول کیا۔ ڈپلومیٹک سٹارز کی جانب سے دونوں گول امیکا نے کئے۔ تقریب میں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی، صدر پی آئی اے سی بی اے ہدایت اللہ خان، صدر فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن شاہد خان شنواری اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احمد ریحان سمیت نمایاں شرکاء نے شرکت کی۔
تقریب میں غیر ملکی سفارت کاروں، کھیلوں کی شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ ڈریم اسپورٹس گروپ کے سی ای او ارسلان مشتاق نے کہا کہ نمائشی میچوں کا مقصد کھیلوں کو فروغ دینا اور سفارت کاروں اور پاکستانی عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ یہ تقریب ڈریم فیسٹیول کا حصہ تھی، جس میں نوجوانوں کی ترقی پر توجہ دی گئی۔ اختتامی تقریب میں فاتح ٹیموں، رنر اپ، مہمان خصوصی، کھلاڑیوں، ریفریز اور آفیشلز کو شیلڈز اور ٹرافیاں دی گئیں۔