23 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںزراعت اور معاش کے تحفظ کے لیے سیلاب کے حوالہ سے جامع...

زراعت اور معاش کے تحفظ کے لیے سیلاب کے حوالہ سے جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کا انٹرویو

- Advertisement -

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے لاکھوں ایکڑ کھیتوں اور فصلوں کو تباہ کرنے والے سیلاب سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی منصوبے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے سبق حاصل کریں اور مستقبل کی حکمت عملی کو بہتر بنائیں۔اتوار کو اپنے ایک انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر نے حالیہ سیلاب کے دوران لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں پنجاب حکومت کی تیز رفتار کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے چنیوٹ کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں کہا کہ شدید سیلاب کے دوران مکینوں کو نکالنے اور مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے امدادی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ آبادی کو محفوظ بنانے اور جانوروں کو پانی سے بچانے کے لیے مقامی حکام کی جانب سے مربوط کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔وفاقی وزیر نے کسانوں کے روزگار کو پہنچنے والے وسیع نقصان اور لاکھوں ایکڑ فصلوں کی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نےکہا کہ اگرچہ انخلاء اور بچاؤ اہم ہیں تاہم زراعت پر طویل المدتی اثرات مقامی معیشت اور خوراک کی فراہمی کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے نقصانات اہم ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ہم اس آفت سے بحالی کے لیے ان کی مدد کے لیے اقدامات کو ترجیح دیں۔وفاقی وزیر نے مستقبل میں سیلاب کے خطرات سے نمٹنے اور اس طرح کی وسیع تباہی کو روکنے کے لیے ایک جامع اور مشترکہ منصوبہ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔حکومتی اداروں، کمیونٹیز اور ماہرین کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اس تجربے سے سیکھنا چاہیے اور اپنے کسانوں اور زرعی زمینوں کو بار بار آنے والے سیلاب کے نقصان سے بچانے کے لیے پائیدار حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف ایک متحدہ قومی کوشش کے ذریعے ہی ملک مستقبل میں ایسے بحرانوں کے خلاف لچک پیدا کر سکتا ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر متاثرہ خاندان اس وقت محفوظ شہروں میں رشتہ داروں کے پاس رہ رہے ہیں جس سے نقل مکانی پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔وفاقی وزیر نے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے چاول اور جانوروں کے چارے کی تقسیم پر بھی روشنی ڈالی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں