25.6 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین سینیٹ کا ملتان میں سیلاب زدہ علاقوں اورخیمہ بستیوں کا دورہ،متاثرین...

چیئرمین سینیٹ کا ملتان میں سیلاب زدہ علاقوں اورخیمہ بستیوں کا دورہ،متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، سید یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، دکھ کی اس گھڑی میں گھر بار چھوڑنے والوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے۔

پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں قاسم بیلہ بستی لنگڑیال اور مظفر آباد کی نواحی بستیوں کا دورہ کیا اور انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

- Advertisement -

ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی،سیاسی رہنما ملک منظور ڈمرہ ،سیاسی وسماجی رہنمائوں سمیت ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو،سی پی او ملتان ڈوگر اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔سید یوسف رضا گیلانی قاسم بیلہ اور بستی لنگڑیال میں قائم خیمہ بستیوں میں سیلاب متاثرین سے ملے ان کی خیریت اور مسائل دریافت کئے۔

انہوں نے مظفر آباد کے نواحی علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے اور انخلاء کےلئے وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ ان کے بچوں اور مال مویشیوں کو بچایا جا سکے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں سیلاب سے بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں،اپنے گھروں کو چھوڑنا آسان نہیں ہوتا لیکن زندگی بچانے کےلئے یہ ضروری ہے کہ سیلاب زدہ علاقے کو وقتی طور پر چھوڑ دیا جائے تا کہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگرچہ سیلاب سے پورے ملک کو شدید نقصان اٹھانا پڑا لیکن پنجاب کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، قومی یکجہتی کےلئے ضروری ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کا اجتماعی طور پر ساتھ دیا جائے۔چیئرمین سینیٹ نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ دکھ کی اس گھڑی میں گھر بار چھوڑنے والوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے تاکہ ان کا حوصلہ بڑھایا جا سکے۔انہوں نے میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا جو قابل تعریف ہے، سیلاب سے متعلق لوگوں کی رہنمائی اور انہیں آگاہی فراہم کرنا ایک حوصلہ افزاء اور شاندار عمل ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے دریائی علاقوں سے انخلاء کے عمل اور انتظامات پر مقامی انتظامیہ کی بھی تعریف کی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں