اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، جشن ولادتِ رسول ﷺ کو انتہائی شاندار انداز میں منانے کے لیے ملک بھر میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت اور 1500 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کو نہایت عقیدت، شایانِ شان اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منانے پر پوری قوم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس حوالے سے ایوان بالا میں بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی تھیں کہ ان کی سرکاری رہائش گاہ اور ایوانِ بالا کے تمام دفاتر کو بھی خصوصی طور پر منور اور خوشنما بنایا جائے تاکہ رسول ﷺ کی پیدائش کا دن مسلمانوں کے لیے روحانی سکون اور سرور کا باعث بن سکے۔
عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے دوران ملک گیر سطح پر تقاریب، محافلِ نعت، سیرت النبی ﷺ کانفرنسز اور درود و سلام کی مجالس کا بھی اہتمام انتہائی قابل تحسین رہا ہے اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت دنیا کے لیے امن، محبت، بھائی چارے اور رحمت کا پیغام ہے، لہٰذا اس موقع پر قومی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنے پیارے نبی ﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار ہم سب کی ذمہ داری اور مذہبی فریضہ ہے۔