شارجہ۔2ستمبر (اے پی پی):مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) خطے میں پہلی بار شارجہ 15 سے 17 ستمبر تک ورلڈ کانگریس 2025 ’’ وی آر انکلوژن‘‘ کی میزبانی کرے گا جس میں 100 سے زائد ادارے اور تنظیمیں شریک ہوں گی۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اس عالمی اجلاس میں ذہنی معذوری کے شکار افراد کی شمولیت سے متعلق بین الاقوامی اور قومی قانونی ڈھانچوں خاص طور پر اقوامِ متحدہ کا کنونشن برائے معذوری کے حقوق (سی آر پی ڈی) اور مختلف ممالک کے قوانین پر غور کیا جائے گا ۔کانگریس کے ایجنڈے میں ایسے بنیادی مسائل پر بات ہوگی جو ذہنی معذوری کے شکار افراد کی اپنی کمیونٹی میں بھرپور شمولیت کو یقینی بناتے ہیں۔
شارجہ کی جانب سے اس عالمی ایونٹ کی میزبانی اس بات کی علامت ہے کہ امارت عالمی سطح پر معذور افراد کی شمولیت، بااختیاری اور مساوات کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔اقوامِ متحدہ کے مطابق 192 ممالک اور یورپی یونین اب تک سی آر پی ڈی کی توثیق کر چکے ہیں جس سے یہ معاہدہ انسانی حقوق کے نظام میں سب سے زیادہ قبولیت حاصل کرنے والے معاہدوں میں شامل ہو گیا ہے تاہم کئی ممالک کی جانب سے رپورٹ جمع نہ کرانے یا تاخیر سے جمع کرانے کے باعث اس وقت سب سے زیادہ بیک لاگ اسی معاہدے کے تحت موجود ہے جو اس پلیٹ فارم کی ضرورت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔
عالمی رپورٹس کے مطابق دنیا کے نصف سے بھی کم ممالک ایسے ہیں جنہوں نے اپنے قومی قوانین کو مکمل طور پر سی آر پی ڈی کے مطابق ہم آہنگ کیا ہے جبکہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ دنیا کی 2 تا 3 فیصد آبادی ذہنی معذوری کا شکار ہے اور اکثر افراد کو قانونی صلاحیت کے استعمال میں رکاوٹوں کا سامنا رہتا ہے۔ماہرین کے مطابق ایسے افراد کے لیے بااختیار فیصلہ سازی کا نظام ضروری ہے، جس میں ان کی مرضی، ضروریات اور ترجیحات کو اولین حیثیت دی جائے تاکہ وہ معاشرے میں مساوی حقوق کے ساتھ شامل رہ سکیں۔