بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے زیر اہتمام پیر کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام بی آئی ایس پی کی انتظامیہ، آل پاکستان ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے کیا گیا جس میں بی آئی ایس پی کے افسران اور سٹاف نے بڑی تعداد میں …

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے زیر اہتمام پیر کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام بی آئی ایس پی کی انتظامیہ، آل پاکستان ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے کیا گیا جس میں بی آئی ایس پی کے افسران اور سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر افسران و سٹاف کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔محفل کے دوران بی آئی ایس پی ملازمین نے حضور نبی اکرم ﷺ کی شان اقدس میں نعت کے نذرانے پیش کئے ۔ بعد ازاں پرنسپل جامعہ نعیمیہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے سیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضورﷺ نے انسانیت کو سربلند کیا، عورتوں کو حقوق دیئے اور دنیا میں امن کا پیغام عام کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہمیں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں تین اقدار کو ہمیشہ مدنظر رکھنا چاہیے، رحمت، ایثار اور رواداری، کیونکہ یہ حضورﷺ کی تعلیمات کا خلاصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ملازمین کو خاص طور پر یہ یاد رکھنا چاہیے کہ مستحق اور کمزور طبقات کی عزت و احترام کے ساتھ خدمت کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کی خدمت اخلاص کے ساتھ ہونی چاہیے، دکھاوے کے ساتھ نہیں ہونی چاہیے۔ ہزاروں گھرانے ایسے ہیں جو مانگ نہیں سکتے لیکن خاموشی سے مدد کے منتظر ہیں۔ ان تک عزت اور احترام کے ساتھ مدد پہنچانا ہمارا فرض ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے حالیہ دنوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں،سوات، بونیر، صوابی کے اپنے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔تقریب کا اختتام نبی کریمﷺ کی شان میں درود و سلام کی عقیدت بھری محفل اور پاکستان کی سلامتی، امن و خوشحالی اور بی آئی ایس پی کی ترقی و کامیابی کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔