فیصل آباد۔ 20 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں سے حاصل ہونے والی سیاسی، دفاعی اور معاشی کامیابیوں نے پاکستان کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا اہل بنا دیا ہے ۔ ہفتہ کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی کے نمائندہ اجلاس سے خطاب …
سیاسی، دفاعی اور معاشی کامیابیوں نے پاکستان کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا اہل بنا دیا۔ رانا ثناء اللہ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 20 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں سے حاصل ہونے والی سیاسی، دفاعی اور معاشی کامیابیوں نے پاکستان کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا اہل بنا دیا ہے ۔ ہفتہ کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پی ڈی ایم کے تحت مختصر عرصہ کیلئے حکومت ملی مگر یہ سارا وقت معیشت کو بہتر بنانے میں صرف ہوا ۔انہوں نے اُن مواقعوں کا ذکر کیا جب عالمی سطح پر پاکستان ایک پر وقار ملک کے طور پر ابھر کے سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلاموقع 28مئی 1998ء کو ملا جب بھار ت کے 5دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کر کے پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی قوت بنا۔
دوسرا موقع اس سال 22اپریل سے 11مئی کے دوران ملا جب پاکستان نے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا اور دنیا نے بھی ہمارے موقف اور کامیابیوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس وجہ سے ممکن ہوا کیونکہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت یکجا تھی۔ انہوں نے کہا کہ تیسرا موقع 17ستمبر کو آیا جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ ہوا۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کاروباری معاملات میں شفافیت کے ذریعے دنیا میں پاکستان کی معاشی قوت کا لوہا منوائیں۔ انہوں نے فیڈمک میں چیمبر کے نئے پلاٹ کی گراؤنڈ بریکنگ، چیمبر کی موجودہ عمارت کی تزئین وآرائش اور چیمبر میں نادرا کے آفس کا افتتاح بھی کیا۔
رانا ثناء اللہ نے بزنس کمیونٹی کے علاوہ صحافیوں کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فیصل آباد کیلئے بڑی رقم مختص کی تھی ۔ انہوں نے فیصل آباد میں کینسر ہسپتال کے قیام کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے بات چیت کا یقین دلایا۔ اس سے قبل سینیٹر رانا ثناء اللہ اور دیگر مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے پر وزیر اعظم اُن کی پوری ٹیم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کی ۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے کو آرڈی نیٹر رانا احسان افضل خاں، میاں عبدالمنان، شیخ اعجاز احمد، سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، انجینئر عاصم منیر، صداقت لودھی، بلال جمیل، چوہدری طلعت محمود، ایوب اسلم منج، نبیل یوسف، یوسف موتی، اشرف مغل، حاجی محمد عطاء اللہ، نوید گلزار، باؤ اکرم اور دیگر تاجر لیڈر بھی موجود تھے۔








