کراچی۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے مؤثر تعارف کے لیے ایک اور اہم سنگِ میل، 26ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2025 کا شاندار آغاز 23 ستمبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہو رہا ہے، جو 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس تاریخی ایونٹ کا انعقاد معروف تنظیم ای کامرس گیٹ وے پاکستان کی جانب سے وزارتِ آئی ٹی …
کراچی میں پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی نمائش ’’آئی ٹی سی این ایشیا 2025‘‘ کا آغاز

مزید خبریں
کراچی۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے مؤثر تعارف کے لیے ایک اور اہم سنگِ میل، 26ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2025 کا شاندار آغاز 23 ستمبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہو رہا ہے، جو 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس تاریخی ایونٹ کا انعقاد معروف تنظیم ای کامرس گیٹ وے پاکستان کی جانب سے وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام اور سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن سینٹر (ایس آئی ایف سی) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
تقریب کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام، شزہ فاطمہ خواجہ کریں گی۔ تین روزہ اس ایونٹ میں پاکستان بھر کے ساتھ ساتھ دنیا کے 25 سے زائد ممالک کے نمائندگان، ٹیکنالوجی ماہرین، سرمایہ کار، سٹارٹ اپس، پالیسی ساز، سفارت کار اور کاروباری شخصیات شرکت کریں گی۔ ایونٹ میں 700 سے زائد نمائش کنندگان اور 100 غیر ملکی مندوبین جدید ٹیکنالوجیز، بالخصوص آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، سائبر سیکیورٹی اور 5G ٹیکنالوجیز کی نمائش کریں گے۔ منتظمین کے مطابق اس ایونٹ میں 50 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے، جو کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے گروپ ڈائریکٹر محمد عمیر نظام نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر صرف ایک صنعت نہیں بلکہ معاشی تبدیلی کا انجن ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف برآمدات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے بلکہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری اور لاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان” جیسے حکومتی اقدامات اور عالمی سطح پر شراکت داری کے لیے یہ ایونٹ ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ آئی ٹی سی این ایشیا 2025، قومی سطح پر ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترقی دینے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے، اور پاکستان کو جنوبی ایشیا کی ایک بڑی ٹیک ہب کے طور پر متعارف کرانے کی ایک بڑی کاوش ہے۔ ایس آئی ایف سی کی شراکت داری اس ایونٹ کو مزید مؤثر اور بامقصد بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔








