قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی میجر انور کے لواحقین سے تعزیت

اسلام آباد /کوئٹہ۔21ستمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے حالیہ دورہ کوئٹہ کے دوران شہید میجر انور کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔ سینیٹ سیکٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے شہید کی بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کے روشن ابواب ہیں، جن پر …

اسلام آباد /کوئٹہ۔21ستمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے حالیہ دورہ کوئٹہ کے دوران شہید میجر انور کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔ سینیٹ سیکٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے شہید کی بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کے روشن ابواب ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جانبازوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر نہ صرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی بلکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی محفوظ بنایا۔ شہدا کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور ان کا جذبہ قربانی قومی رہنمائی کا ذریعہ بنتا رہے گا۔اپنے دورے کے دوران سیدال خان ناصر نے مرحوم سیاسی و سماجی شخصیات کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے سابق وفاقی وزیر و سینیٹر سردار فتح محمد حسنی کی ہمشیرہ کے انتقال پر ان سے اظہار افسوس کیا اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔اس کے علاوہ انہوں نے ملک امین الدین بازئی، میر زمان خان لہڑی اور سردار ملک رضا خان خلجی کے اہل خانہ سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کے عزیزوں کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اپنے حلقے کے معززین، قبائلی عمائدین اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں ۔سیدال خان ناصر نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی، باہمی احترام اور قربانیوں کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں