بیجنگ۔22ستمبر (اے پی پی):اٹلی نے بیلی جین کنگ کپ 2025 کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ڈبلیو ٹی اے بلی جین کنگ کپ کے مقابلے چین کے شہر شینزن میں جاری ہیں جس کے فائنل میچ میں اٹلی کی ویمن ٹیم نے ابتدائی دونوں ویمنز سنگلز مقابلے جیت کر سب سے زیادہ …
اٹلی کی ٹیم نےچھٹی مرتبہ ڈبلیو ٹی اے بلی جین کنگ کپ جیت لیا
بیجنگ۔22ستمبر (اے پی پی):اٹلی نے بیلی جین کنگ کپ 2025 کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ڈبلیو ٹی اے بلی جین کنگ کپ کے مقابلے چین کے شہر شینزن میں جاری ہیں جس کے فائنل میچ میں اٹلی کی ویمن ٹیم نے ابتدائی دونوں ویمنز سنگلز مقابلے جیت کر سب سے زیادہ 18مرتبہ جیتنے والی امریکی حریف ٹیم کو شکست دے دی۔
پہلے ویمنز سنگلز میچ میں ایلیسبیٹا کوکیریٹو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف ٹینس کھلاڑی ایما ناوارو کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے شکست دی جبکہ دوسرے ویمنز سنگلز مقابلے میں اٹلی کی 29 سالہ ٹینس سٹار جیسمین پاولینی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف امریکی ویمن ٹینس کھلاڑی امریکا کی اسٹار کھلاڑی جیسیکا پیگولا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے نہ صرف شکست دی بلکہ اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جیسمین پاؤلینی کا بیلی جین کنگ کپ میں یہ سال ناقابلِ شکست رہا ہے، اور وہ سنگلز اور ڈبلز دونوں میں نمایاں رہیں۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جیسمین پاؤلینی نے کہا یہ میرے لئے ناقابلِ یقین لمحہ ہے، میں نے کبھی ایسا سوچا بھی نہیں تھا۔ ٹیم نے زبردست محنت کی اور ہم سب کے لیے یہ ایک ناقابلِ فراموش فتھ ہے۔اٹلی نے یہ اعزاز مجموعی طور پر چھٹی بار جیتا ہے۔ اس سے قبل اٹلی کی ٹیم 2006، 2009، 2010، 2013، اور 2024 میں چیمپئن رہ چکی ہے ۔ گزشتہ سال اٹلی نے سلوواکیہ کو فائنل میں شکست دے کر 11 سال بعد ٹائٹل جیتا تھا، اور اب مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی ہے۔دوسری جانب امریکاکی ٹیم سب سے زیادہ 18 مرتبہ یہ ٹائٹل جیت چکی ہے ، وہ 2017 کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچی تھی تاہم ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی ۔









