ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے پانچویں مرتبہ کیریبین پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

گیانا۔22ستمبر (اے پی پی):ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے سب سے زیادہ پانچویں مرتبہ کیریبین پریمیئر لیگ 2025 کا ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکہ میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 3 وکٹوں سے شکست دی، سی پی ایل کے فائنل میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز عقیل حسین نے آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سی پی ایل کا پانچویں مرتبہ چیمپئن بنانے میں اہم کردار …

گیانا۔22ستمبر (اے پی پی):ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے سب سے زیادہ پانچویں مرتبہ کیریبین پریمیئر لیگ 2025 کا ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکہ میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 3 وکٹوں سے شکست دی، سی پی ایل کے فائنل میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز عقیل حسین نے آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سی پی ایل کا پانچویں مرتبہ چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ کیرون پولارڈ کو آل رائونڈ کارکردگی پر لیگ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا ۔

پراویڈنس سٹیڈیم، گیانا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں گیانا ایمیزون واریئرز کے کپتان عمران طاہر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناکر ٹرنباگو نائٹ رائیڈرزکو میچ میں کامیابی کے لئے 131 رنز کا ہدف دیا۔ افتخار احمد 30 اور بین میک ڈرموٹ 28 اور ڈوین پریٹوریس نے 25 رنز بنائے۔ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے سوربھ نیتراولکرنے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،عقیل حسین نے 2 جبکہ آندرے رسل اور عثمان طارق نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرزکی ٹیم نے 131 رنز کا مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ایلکس ہیلز 26،کولن منرو23،سنیل نارائن 22،کیرون پولارڈ 21 رنز بنائے۔عقیل حسین نے ناقابل شکست 16 رنز بنائے۔یوں فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکہ میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔گیانا ایمیزون واریئرز کے جانب سے عمران طاہر نے تین جبکہ ڈوین پریٹوریس اور شمر جوزف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یہ ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کا کیریبین پریمیئر لیگ میں پانچواں ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل وہ 2015، 2017، 2018، اور 2020 میں بھی چیمپئن رہ چکی ہے۔