اسلام آباد ۔22ستمبر (اے پی پی):سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی ۔ سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت پیر کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی ۔درخواست گزاران کے وکیل احمد سکھیرا نے دلائل کا آغاز کیا ۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ پیٹرول کی …
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت منگل تک ملتوی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔22ستمبر (اے پی پی):سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی ۔ سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت پیر کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی ۔درخواست گزاران کے وکیل احمد سکھیرا نے دلائل کا آغاز کیا ۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ پیٹرول کی قیمت 150 سے 200 روپے ہو جائے تو کیا ونڈ فال پرافٹ ہو گا،چینی کی قیمت 160 سے 170 ہو جائے تو کیا پھر بھی ونڈ فال پرافٹ ہو گا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نےکہا کہ آپ یہ کہہ سکتے تھے کہ کس پر کتنا ٹیکس لگنا چاہیے ۔احمد سکھیرا نے جواب دیاکہ ان کے پالیسی بیان میں بھی تضاد ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ مطلب یہ کہ آپ صرف تناسب سے ناخوش ہیں۔وکیل احمد سکھیرا نے بتایاکہ ونڈ فال پرافٹ پالیسی کی وجہ سے ہو رہا ہے ،اگر تین چار لوگ فائدے میں ہیں اکثریت نقصان اٹھا رہی ہے تو ٹیکس کیسے لگے گا ، انکم ٹیکس میں بنیادی حقوق شامل نہیں اس حوالے سے میرا انحصار آرٹیکل 10 پر ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 10 اے فئیر ٹرائل کے بارے میں ہے ،ٹیکس سے اس کا کیا تعلق ہے۔احمد سکھیرا نے جواب دیاکہ ٹیکس میں عوامی سماعت کا حق ہونا چاہیے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ کچھ چیزیں ہیں جو میونسپل ٹیکس میں ہیں، انکم ٹیکس کے حوالے سے قانون میں عوامی سماعت کی کوئی شرط نہیں ہے۔
احمد سکھیرا نے کہاکہ فئیر ٹرائل ایک علیحدہ حق ہے۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ ٹیکس نافذ کرنے کا طریقہ کار کیا ہے جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیاکہ اس کیس میں ڈیو پراسس کی خلاف ورزی کہاں ہے۔احمد سکھیرا نے جواب دیاکہ یہ انٹری 47 کی بھی خلاف ورزی ہے۔بعدازاں سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی ،احمد سکھیرا منگل کو بھی دلائل جاری رکھیں گے۔








