ایف بی آر اور لمز کے درمیان افسران کی تربیت کے لیے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام کے تاریخی معاہدے پر دستخط

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے ساتھ پیر کو تاریخی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت لمز ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز کے افسران کے لیے خصوصی پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام شروع کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کی ٹیکس ایڈمنسٹریشن کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں مزید اضافہ کرنا ہے۔ ایف بی آر کی …

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے ساتھ پیر کو تاریخی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت لمز ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز کے افسران کے لیے خصوصی پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام شروع کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کی ٹیکس ایڈمنسٹریشن کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں مزید اضافہ کرنا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب پیرکویہاں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کی۔ اس موقع پر بورڈ کے ممبران، ایف بی آر کے سینئر افسران، ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز اکیڈمیوں کے ڈائریکٹر جنرلز اور ٹرانسفارمیشن ڈلیوری یونٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

لمز کی نمائندگی پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون اور سلیمان دائود، سکول آف بزنس کے ڈین ڈاکٹر عدیل ظفر نے کی۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے ایف بی آر اور لمز دونوں کی ٹیموں کو ایک جامع اور خصوصی ڈپلومہ پروگرام ڈیزائن کرنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ایف بی آر کے افسران جدید ٹیکس ایڈمنسٹریشن سے متعلق ضروری مہارتوں بالخصوص ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیٹا اینالیٹکس سے آراستہ ہو سکیں گے۔

اس سے پہلے ممبرایڈمنسٹریشن/ایچ آر محمد اقبال نے پروگرام کے اہم نکات پر روشنی ڈالی جن میں ایف بی آر افسران کی استعداد کار کو ایڈوانسڈ اکائونٹنگ، ڈیٹا اینالیٹکس، ڈیجیٹل اکانومی، ای کامرس، سپلائی چین مینجمنٹ، ٹریڈ اینالیٹکس اور انٹرنیشنل ٹیکسیشن جیسے خصوصی شعبوں میں بڑھانا شامل ہے۔ ڈاکٹر عدیل ظفر نے پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے لمز کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے امید ظاہرکی کہ ایف بی آر اور لمز کے درمیان یہ تعاون موثر اور دیرپا ثابت ہوگا۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام ایف بی آر کے وسیع تر ٹرانسفارمیشن پلان کا ایک اہم سنگ میل ہے جس کا مقصد پاکستان کی فیڈرل ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے جس میں آپریشنل مہارت، ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ، ڈیجیٹلائزیشن اور انفورسمنٹ کے جدید اقدامات شامل ہیں۔

پہلا ڈپلومہ پروگرام 20 اکتوبر 2025ء سے شروع ہوگا جس میں ایف بی آر کے 51 پروبیشنری افسران شریک ہوں گے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو ایف بی آر کے افسران کو عالمی سطح کی مہارت حاصل کرنے کے قابل بنائے گا تاکہ وہ ریونیو ایڈمنسٹریشن اور ٹریڈ فسیلیٹیشن میں ابھرتے ہوئے چیلنجز کا موثر طور پر مقابلہ کر سکیں۔

مزید خبریں