
سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی جنوب و وسطی ایشیائی امور بارے امریکا کی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کی قیادت میں امریکی وفد سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں پائیدار امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے، ان مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے امریک کے ساتھ مضبوط پارٹنر شپ ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئی ہوئی جنوب و وسطی ایشیائی امور بارے امریکا کی معاون وزیر خارجہ اور افغانستان او ر پاکستان کےلئے قائمقام خصوصی نمائند ہ ایلس ویلز کی قیادت میں امریکی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیا۔ وفد کو ان تمام کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو پاکستان نے گزشتہ چند سالوںکے دوران حاصل کی ہیں۔ ان میں توانائی کی قلت پر قابو پانا، اقتصادی استحکام اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کے زریعے سکیورٹی میں بہتری شامل ہیں۔ اس سلسلے میں سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے طویل امدتی ترقیاتی اتحادی اور سب سے بڑے تجارتی پارٹنر کی حیثیت سے امریکی کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ امریکا کی طرف سے افغانستان اور خطہ کے بارے میں پالیسی پر نظرثانی کے تناظر میں کیا جا رہا ہے اور اس سے پاکستان کو افغانستان اور خطہ سے متعلق وسیع تر معاملات کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کا تبادلہ کرنے کا اہم موقع میسر آیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائمقام خصوصی نمائند ہ ایلس ویلز نے سیکرٹری خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔ایلس ویلز نے پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط پارٹنرشپ کی اہمیت سے اتفاق کیا۔