اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے دنیا اس عفریت سے محفوظ ہے،پاکستان کے خلاف کسی دشمن کی مہم جوئی کی صورت میں پوری قوم ان کی پشت پر ہوگی،4 دن کی جنگ نے دنیا میں پاکستان کے وقار …
دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے دنیا اس عفریت سے محفوظ ہے،راجہ پرویز اشرف

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے دنیا اس عفریت سے محفوظ ہے،پاکستان کے خلاف کسی دشمن کی مہم جوئی کی صورت میں پوری قوم ان کی پشت پر ہوگی،4 دن کی جنگ نے دنیا میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافی کیا،دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان کی فوج امن سے محبت کرنے والی اور بہادر فوج ہے،جس نے جارحیت پر دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے اپنے بہادر جوانوں و آفیسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو طویل عرصہ سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں،شاید ہی دنیا میں ایسی کوئی دوسری فوج ہو جس نے اس طرح کے سنگین حالات کا اتنے طویل عرصہ تک مقابلہ کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے ساتھ ہی پاکستان کے دشمنوں نے جو اسے دنیا کے نقشے پر نہیں دیکھنا چاہتے تھے،اسے نقصان پہنچانے کے لئے ہر قسم کے حربے استعمال کئے تاہم ہماری افواج نے پاکستان کی حفاظت کے لئے قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ دہشت گرد کون ہیں،جنہوں نے دنیا کا سکون بردبار کیا ہے جن میں کوئی رحم نہیں ہے،جن کو کوئی مذہب،عقیدہ نہیں ہے،وہ صرف ظلم وبربریت پر یقین رکھتے ہیں۔پرویز اشرف نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ لہر کئی دہائیوں سے جاری ہے اس کے آگے بند باندھنے کے لئے افواج پاکستان کے بہادر جوانوں نے جس عزم واستقلال،ہمت اور جرات کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا یہ تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہوگا کہ پاکستان کی فوج،پولیس، سکیورٹی ایجنسیز اور بہادر عوام نے بے شمار قربانیاں دیں،ہزراروں شہداء قربان کیے،اصل حقیقت یہ ہے کہ یہ پوری دنیا کی جنگ ہے جو ہم لڑ رہے ہیں،دنیا اس لئے آج محفوظ ہے کہ اس جنگ کے زخم پاکستان نے اپنے سینوں پر سہ ے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کا تجزیہ کریں تو پتہ لگے گا کہ اس کے پیچھے کون ہے،اس کے پیچھے سو فیصد ہندوستان کا ہاتھ ہے۔ایک حملہ کا بہانہ بنا کر ابھی کچھ عرصہ قبل ہی پاکستان کو بدنام کیا اور پھر حملہ کردیا۔جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایاگیا۔ہماری افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں اس کا منہ توڑ جواب دیا اور شکست فاش دی۔انہوں نے کہا کہ کچھ ناعاقبت اندیش دشمن کے پروپیگنڈے کا شکار ہوکر اپنی افواج کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو نہیں معلوم کہ ان کی قربانی اورسرحدوں کے دفاع کی وجہ سے ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کے ہر قبرستان میں افواج کے شہید ہیں،دو نشان حیدر ہمارے حصے میں آیا۔اس فوج کو دنیا کا کوئی دہشت گرد شکست نہیں دے سکتا۔پاکستان کی سلامتی کی بات ہو تو ہم سب ایک ہیں،اور یہی اتحاد کی طاقت لے کر اپنی افواج کی پشت پر کھڑے ہوتے ہیں۔اللہ پاک یہ طاقت برقرار رکھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن نے سیز فائر کیا لیکن ان کی افواج اپنی چھائونیوں میں نہیں گئی۔ہماری افواج بھی چوکس ہے اس ملک پر اگر دشمن حملہ آور ہوا تو 25 کروڑ عوام اسے نیست ونابود کرکے رکھ دیں گے۔
ہماری افواج کے خون سے ملک مضبوط سے مضبوط تر ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کو ادراک ہونا چاہیے کہ دشمن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کا بھرپور جواب دیا جائے۔دنیا نے دیکھ لیا کہ جب پاکستان کی مسلح افواج بہادر اور امن پر یقین رکھنے والی فوج ہے،لیکن اگر اس پر جنگ مسلط کی جائے تو بے جگری سے لڑتے ہیں اور 25 کروڑ مرد وزن ان کی پشت پر ہوتے ہیں۔







