اسلام آباد، راولپنڈی میں شہریوں کے تحفظ کے لئے سکیو رٹی انتظامات سخت، انٹرنیٹ سروس جزوی معطل

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد اورراولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، شہریوں کے تحفظ اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سکیو رٹی انتظامات مزید مؤثر بنا دیئے گئے ہیں۔حکام کے مطابق ایک مذہبی جماعت کے جانب سے اعلان کردہ احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر انتظامیہ نے مختلف داخلی راستوں پر سکیو رٹی اقدامات کو فعال کیا ہے، جن میں بعض راستوں پر عارضی …

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد اورراولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، شہریوں کے تحفظ اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سکیو رٹی انتظامات مزید مؤثر بنا دیئے گئے ہیں۔حکام کے مطابق ایک مذہبی جماعت کے جانب سے اعلان کردہ احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر انتظامیہ نے مختلف داخلی راستوں پر سکیو رٹی اقدامات کو فعال کیا ہے، جن میں بعض راستوں پر عارضی بندش بھی شامل ہے۔

اس اقدام کا مقصد کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچاؤ اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے مری روڈ، فیض آباد، چاندنی چوک، سکستھ روڈ اور دیگر اہم مقامات پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہےتاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔مزید برآں، میٹرو بس سروس کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی نقل و حرکت کو محفوظ بنایا جا سکے۔ بعض تعلیمی اداروں میں احتیاطی طور پر تدریسی سرگرمیاں معطل کی گئی ہیں اور امتحانات کو نئی تاریخوں تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے طلباء و طالبات کو جلد نئی شیڈول سے آگاہ کیا جائے گا۔وزارت داخلہ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط ارسال کیا گیا ہے جس کے تحت اسلام آباد اور راولپنڈی میں تھری اور فور جی موبائل انٹرنیٹ سروسز کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ شہریوں کے تحفظ اور کسی بھی افواہ یا غلط معلومات کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔ تمام ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور معمولات زندگی کی جلد بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔